قربانی کے جانور کے پیٹ سے گمشدہ سونا برآمد!

Spread the love

باجوڑ کے علاقے عنایت کلی میں قدرت کا بڑا معجزہ
قربانی کے جانور کے پیٹ سے گمشدہ سونا برآمد!

کہتے ہیں کہ نیت صاف ہو اور مال حلال کا ہو تو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی لاج ضرور رکھتا ہے۔ ایسا ہی ایک ایمان افروز واقعہ باجوڑ کے علاقے عنایت کلی میں پیش آیا ہے، جہاں اللہ تعالیٰ نے ایک غریب اور معمر بزرگ کی نیت اور صبر کا ایسا صلہ دیا کہ سننے والے دنگ رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق، عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک معمر اور غریب بزرگ اپنے مویشی کو فروخت کرنے کے لیے مال منڈی لے گئے۔ وہاں دو مختلف خریداروں سے سودا طے پایا، لیکن دونوں نے باری باری جانور کو یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ جانور بیمار ہے اور بیمار جانور کی قربانی جائز نہیں۔ بزرگ شدید مایوس ہوئے، لیکن انہوں نے اللہ کی رضا پر سر تسلیم خم کیا۔ بزرگ نے دل چھوٹا کرنے کے بجائے اپنے چند پڑوسیوں کو ساتھ ملا کر اسی جانور کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن اللہ تعالیٰ کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ قربانی کے بعد جب جانور کا پیٹ چاک کیا گیا، تو وہاں موجود تمام لوگ حیرت کی تصویر بن گئے۔ کچھ عرصہ قبل اس غریب خاندان کے گھر سے سونے کی بالیاں (غوگونو مندرئئ) گم ہو گئی تھیں، جن کی تلاش میں وہ تھک چکے تھے اور ملنے کی امید چھوڑ چکے تھے۔ وہ تمام گمشدہ سونا اسی جانور کے پیٹ سے بالکل محفوظ حالت میں برآمد ہو گیا۔ یہ واقعہ اس بات کی زندہ مثال ہے کہ انسان اپنی عقل سے جو بھی سوچے، لیکن ہوتا وہی ہے جو اللہ کی حکمت کو منظور ہو۔ خریداروں کا جانور واپس کرنا بظاہر ایک پریشانی تھی، لیکن درحقیقت وہ اللہ کی طرف سے اس غریب خاندان کے لیے ان کی امانت واپس پہنچانے کا ایک ذریعہ تھا۔ بے شک، حلال کمائی کبھی ضائع نہیں ہوتی اور جو اللہ پر توکل کرتا ہے، اللہ اسے ایسے گمان سے رزق اور خوشیاں دیتا ہے جہاں اس کی عقل بھی کام نہیں کرتی۔