اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے زیرِ اہتمام تین روزہ چودھواں انٹرنیشنل پیوٹا ہال بُک فیئر کا انعقاد
اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے زیرِ اہتمام تین روزہ چودھواں انٹرنیشنل پیوٹا ہال بُک فیئر کامیابی سے منعقد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان جناب سراج الحق، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس تقویم الحق، اور ناظم جامعہ پشاور ارشد خان نے فیتہ کاٹ کر بُک فیئر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ناظم کیمپس تقویم الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ہر سال اس نوعیت کے علمی و فکری میلوں کا انعقاد کرتی ہے تاکہ طلبہ کو کتاب اور مطالعے سے جوڑا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمپس کے تعلیمی اداروں میں بُک فیئرز کا انعقاد جمعیت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی جناب سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی 24 کروڑ عوام کی طرف سے اسلامی جمعیت طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جو ہر سال جامعات میں ایسے علمی و فکری پروگرامات کا انعقاد کرتی ہے۔ دنیا کی تمام ترقی یافتہ اقوام نے کتاب کو علم کا سرچشمہ اور ترقی کی بنیاد مانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب وہ سرمایہ ہے جو سوچ کو جِلا بخشتی ہے، کردار کو نکھارتی ہے، اور قوموں کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ علم کے بغیر ترقی کا کوئی تصور ممکن نہیں، اور علم کا بہترین ذریعہ کتاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو موبائل اور سوشل میڈیا کی دنیا سے نکل کر کتاب کی دنیا سے رشتہ جوڑنا چاہیے، کیونکہ حقیقی شعور اور بصیرت کا راستہ مطالعے ہی سے نکلتا ہے۔
ناظم جامعہ ارشد خان نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔

تین روزہ بُک فیئر میں 70 سے زائد پبلشرز اور کتاب فروشوں نے اپنے اسٹالز لگائے، جن میں دینی، ادبی، سائنسی اور عمومی موضوعات پر ہزاروں کتب دستیاب تھیں۔ طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے بُک فیئر کا دورہ کیا اور اپنے علمی ذوق کا اظہار کیا۔معاذ شاہ: ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور
